جاپان میں امریکی فوجی کی جانب سے خاتون کیساتھ جنسی زیادتی کے بعد قتل کیخلاف لوگوں نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی اور جاپان سے چوکیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے جزیرے اوکیناوا میں بڑی تعداد میں امریکی فوج کی موجودگی کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا اور امریکی فوج کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین ایک امریکی فوجی کے ہاتھوں 20 سالہ مقامی خاتون کے ریپ اور قتل پر شدید غصے میں ہیں۔ امریکی فوجی جو اب ایک سویلین کے طور پر کام کررہا تھا اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اوکیناوا میں 26000 امریکی اہلکار موجود ہیںتاہم اس واقعے نے مقامی افراد کی جانب سے امریکی فوجیوں کا انخلا کے مطالبے کو مزید مستحکم کردیا ہے ۔اس احتجاجی مظاہرے کا آغاز اتوار کومقتول رینا شمابوکورو کی یاد میں چند لمحے خاموشی کے ساتھ کیا گیا جس کے بعد ان کے والد ین کی جانب سے ایک پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔جس میں انہوں نے کہا کہ’ کیوں میری بیٹی کو کیوں مارا گیا؟‘
رواں سال مارچ میں جاپان کے وزیر اعظم شنزو ابے نے اوکیناوا میں متنازع امریکی فوجی اڈے کو منتقل کرنے کے لیے شروع کیے جانے والا تعمیراتی کام معطل کرنے پر اتفاق کیا تھا. اس وقت کے
بیان میں وزیر اعظم شنزو ابے نے کہا کہ وہ عدالتی ثالثی سے طے پانے والے اس معاہدے کو قبول کرتے ہیں جو مقامی حکام اور مرکزی حکومت کے درمیان طویل تنازعے کے بعد طے پا سکا ہے۔
حکومت امریکی فوتینما فوجی اڈے کو گنجان آبادی والے علاقے سے نکال کر دور دراز کے کسی دوسرے علاقے میں منتقل کرنا چاہتی ہے۔ لیکن مقامی حکام اور وہاں کے رہائشی اس فوجی اڈے کو پوری طرح سے ختم کرنے کے حق میں ہیں۔
امریکی فوج اس جزیرے کے پانچویں حصے پر تعینات ہے اور یہ امریکہ اور جاپان کے درمیان سکیورٹی شراکت داری کا اہم حصہ ہے۔اوکیناوا کے جزیروں پر کئی فوجی اڈے ہیں جہاں دوسری عالمی جنگ کے بعد سے ایک دفاعی معاہدے کے تحت 26 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔
1995 میں امریکی فوجیوں نے وہاں ایک 12 برس کی لڑکی کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کی تھی جس کے بعد سے امریکی فوجیوں کی موجودگی خلاف شدید مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔
1945 میں اتحادی افواج نے دفاعی نقط نظر سے اہم اس جزیرے کو جاپان کے خلاف حملے کے آغاز کا مقام تصور کیا تھا تاہم اس جزیرے سے اتحادیوں نے حملہ شروع نہیں کیا تھا کیونکہ اگست 1945 میں ناگاساکی اور ہیروشیما پر ایٹمی بم گرنے کے بعد جاپان نے ہتھیار ڈال دیے تھے۔